وہاڑی، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، شہر روشن بنانیکا عمل تیز
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ٹیمیں متحرک، جرائم کی روک تھام کیلئے روشنی بہتر بنانے پر زور
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور خراب سٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کیا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں روشنی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کی بحالی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ بہتر روشنی سے نہ صرف ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی۔ بلکہ جرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ مرمتی کام کو جلد مکمل کیا جائے اور آئندہ کے لیے سٹریٹ لائٹس کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو مستقل بنیادوں پر سہولت میسر آ سکے ۔