گگو منڈی کو تحصیل ، بوریوالا کو ضلع بنانے کے اقدامات شروع
ڈی سی وہاڑی، کمشنر ملتان اور بورڈ آف ریونیو پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب
گگو منڈی (نامہ نگار) پنجاب حکومت نے گگو منڈی کو تحصیل اور بورے والا کو ضلع بنانے کے حوالے سے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی، کمشنر ملتان اور بورڈ آف ریونیو پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔اس پیش رفت کو رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد یوسف کسیلیہ کی طویل عرصے پر محیط جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے مسلسل اس عوامی مطالبے کو حکومتی ایوانوں تک پہنچایا۔گگو منڈی اور بورے والا کے شہریوں میں اس خبر پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سماجی، سیاسی اور کاروباری حلقوں نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سابق چیئرمین میاں شہزاد، معروف بزنس مین سردار غلام رسول ڈوگر، حاجی محمد یوسف کمبوہ، معروف ڈویلپر عاقب لیاقت، شیخ سلمان، ملک فاروق اعوان اور دیگر شہری رہنماؤں نے کہا کہ گگو منڈی کو تحصیل اور بورے والا کو ضلع بنانے سے علاقے کی ترقی، انتظامی امور میں بہتری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں مدد ملے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت جلد تمام قانونی اور انتظامی مراحل مکمل کرکے اس دیرینہ عوامی مطالبے کو عملی شکل دے گی۔