میاں چنوں میں گھر پر فائرنگ، اوورسیز خاندان خوف کا شکار

میاں چنوں میں گھر پر فائرنگ، اوورسیز خاندان خوف کا شکار

میاں چنوں میں گھر پر فائرنگ، اوورسیز خاندان خوف کا شکارواقعہ عبداللہ ٹاؤن میں پیش آیا، خواتین و بچے شدید خوفزدہ، حکام سے تحفظ کا مطالبہ

میاں چنوں (تحصیل رپورٹر)شہر میں سی سی ڈی اور پولیس کی موجودگی کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کی کارروائیوں نے شہریوں کے لیے خوف کی فضا پیدا کر دی ہے ۔ عبداللہ ٹاؤن گلی نمبر 4 میں ایک اوورسیز خاندان کے گھر پر مبینہ فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔تفصیلات کے مطابق محمد عثمان ولد محمد اکرم کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گھر کے دروازوں اور دیواروں پر گولیوں کے نشانات پڑ گئے ۔

خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر میں موجود خواتین اور بچے شدید خوفزدہ ہوگئے ۔متاثرہ شہری محمد عثمان نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ عبد الوحید ولد محمد اسلم سکنہ 20/WB وہاڑی نے پہلے موبائل فون پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور بعد ازاں پانچ نامعلوم افراد کے ہمراہ گھر پر حملہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ اصل تنازع زمین کے معاملے پر مدعی پارٹی کا ساتھ دینے کی وجہ سے پیدا ہوا، جس پر انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ محمد عثمان نے کہا کہ وہ اوورسیز پاکستانی ہیں اور اپنے خاندان کی حفاظت کے حوالے سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار ملزمان ہوں گے ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے اور جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں