خواتین مہذب معاشرے کی بنیادی شناخت،ناصر حمید
آرٹس کونسل بہاولپورکی خواتین کے حوالے سے تین روزہ تقریبات اختتام پذیر
بہاولپور(خبر نگار، سٹی رپورٹر)پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام خواتین کے احترام، وقار اور قومی ترقی میں کردار کو اجاگر کرنے کیلئے منعقدہ تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ پروگرام کا موضوع ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں، قوموں کی عزت ہم سے تھا، جس کے تحت ٹیبلو، مصوری اور تقریری مقابلے منعقد کئے گئے ۔تقریبات میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، فنکاروں، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے تخلیقی انداز میں خواتین کے احترام، ان کے حقوق اور قومی خدمات کو اجاگر کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حمید نے کہا کہ خواتین کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد اور قوموں کی شناخت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل میں مثبت سوچ اور احترامِ نسواں کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔محبوب عالم چودھری نے کہا کہ فنونِ لطیفہ معاشرتی اقدار کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ سید طاہر رضا ہمدانی نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین معاشرے کی عزت اور طاقت ہیں جبکہ پنجاب حکومت ان کی فلاح و تحفظ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات، اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ ملکی ترقی، امن اور خواتین کے احترام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔