گیس چوری کیخلاف آپریشن 4 میٹر منقطع، 60 مقامات کی چیکنگ
ملتان (خصوصی رپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔حالیہ کارروائیوں کے دوران ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔
چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 4 گیس میٹر منقطع کیے گئے ۔ کارروائی کے دوران ایک میٹر جو صارف نے اتار کر رکھا تھا برآمد کر لیا گیا جبکہ تین میٹر کمپریسر کے ذریعے غیر قانونی استعمال میں پائے گئے ، جنہیں منقطع کر دیا گیا۔اسی طرح دو میٹر ایسے بھی پائے گئے جو کمرشل استعمال کے قواعد کی خلاف ورزی میں استعمال ہو رہے تھے۔ ، جن پر بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ کنکشن منقطع کر دئیے گئے ۔ٹاسک فورس حکام کے مطابق گیس کے غیر قانونی استعمال اور چوری کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی خلاف ورزی پر بلا امتیاز ایکشن لیا جائے گا۔