کاروباری بندشوں کا مستقل خاتمہ کیا جائے ، رانا محمد اصغر

کاروباری بندشوں کا مستقل  خاتمہ کیا جائے ، رانا محمد اصغر

ملتان (لیڈی رپورٹر) آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے صدر اور انجمن تاجران جنرل بس سٹینڈ کے چیئرمین رانا محمد اصغر نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن یا کاروباری بندشوں کے مستقل خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ تاجر برادری اور قومی معیشت کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پہلے ہی تاجروں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن چکی ہے ۔ شدید گرمی کے موسم میں کاروباری سرگرمیاں عموماً شام کے اوقات میں عروج پر ہوتی ہیں، اس لیے رات 8 بجے دکانیں بند کرانے کا فیصلہ تاجروں کے معاشی مفادات کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی سرگرمیاں پہلے ہی زوال کا شکار ہیں اور مزید پابندیاں صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔رانا محمد اصغر نے کہا کہ اگر کاروباری پہیہ نہ چلایا گیا تو صنعتوں کی بندش اور بے روزگاری میں اضافے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجر، دکاندار اور مزدور طبقہ مسلسل معاشی دباؤ اور پابندیوں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں اور مزید بندشوں کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات اور ملک گیر احتجاج کے باوجود تاجروں کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل لاک ڈاؤن سے تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، تاہم اس کے باوجود انہیں کوئی مؤثر ریلیف نہیں ملا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر تاجروں کے تحفظات دور نہ کیے تو تاجر برادری احتجاج پر مجبور ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں