ریت فراہمی،مزدوروں اور ٹریکٹر ٹرالی مالکان کا احتجاج

 ریت فراہمی،مزدوروں اور ٹریکٹر ٹرالی مالکان کا احتجاج

اوور چارجنگ کی شفاف تحقیقات ،سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کا مطالبہ تمام امور قانون اور ضابطے کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں:ٹھیکیدار

میلسی(نمائندہ دنیا )تحصیل میلسی میں مائنز اینڈ منرلز کے تحت ریت کی فراہمی کے نظام میں مبینہ اوور چارجنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں، مزدوروں اور ٹریکٹر ٹرالی مالکان نے احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹھیکیدار کے نمائندوں کی جانب سے سرکاری نرخوں کے برعکس فی ٹریکٹر ٹرالی تقریباً سات ہزار روپے تک اضافی وصولیاں کی جا رہی ہیں جس سے تعمیراتی سرگرمیوں پر شدید مالی دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ریت کی ترسیل کے دوران لوڈنگ، پانی کا چھڑکاؤ، راستوں کی دیکھ بھال، گاڑیوں کی مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں جس کے باعث اضافی اخراجات مزدور طبقہ اور ٹرانسپورٹرز کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ ٹریکٹر ٹرالی مالکان نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ اوور چارجنگ کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کی جائیں اور سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ دوسری جانب ٹھیکیدار خرم شفیق بھٹی نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام امور قانون اور ضابطے کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں