بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے ، عوامی وسماجی حلقے

بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے ، عوامی وسماجی حلقے

بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے ، عوامی وسماجی حلقےتنخواہوں، پنشن میں اضافہ، بجلی سستی ،روزگار کے مواقع فراہم کریں، مطالبہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)وفاقی بجٹ 2026 سے قبل مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوامی وسماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں نے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ، اس لیے آئندہ بجٹ میں عوام دوست اقدامات کیے جائیں۔ایمپلائز یونین تعلیمی بورڈ ملتان کے صدر ملک نثار نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے ، لہٰذا سرکاری و نجی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے گھریلو اخراجات پورے کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے عوام کو ریلیف دینے پر توجہ دے ۔شیخ عمران نے بجلی کے بھاری بلوں کو عوام کا بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں کمی اور اضافی ٹیکسوں و سرچارجز کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ ملک رمضان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں، اس لیے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے ۔پارس احمد نے تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس میں کمی اور ضروری اشیاء پر عائد اضافی ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ عمیر بھٹی نے نوجوانوں کے لیے روزگار، آسان قرضہ سکیموں اور ہنر مند پروگراموں کے اجراء پر زور دیا۔ قیوم چودھری نے کہا کہ تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ بجٹ میں ریلیف نہ دیا گیا تو عوامی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں