سمال لاک ڈاؤن سے معیشت مزید کمزور ہوگی،جے یو آئی رہنما

سمال لاک ڈاؤن سے معیشت مزید کمزور ہوگی،جے یو آئی رہنما

سمال لاک ڈاؤن سے معیشت مزید کمزور ہوگی،جے یو آئی رہنما تاجرمشاورت ضروری،بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے ،مفتی عامر ودیگر

ملتان (کرائم رپورٹر) جمعیت علماء اسلام ملتان کے ضلعی امیر مفتی عامر محمود، جنرل سیکرٹری نور خان ہانس ایڈوکیٹ، سرپرست حافظ محمد عمر شیخ، ڈویژنل صدر بزنس فورم امجد علی ضیاء اور ضلعی سیکرٹری اعات رانا محمد سعید نے کہا ہے کہ پنجاب میں دوبارہ سمال لاک ڈاؤن کے نفاذ سے معیشت مستحکم ہونے کے بجائے مزید کمزور ہوگی، اس لیے حکومت تجارتی اور کاروباری طبقے کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں حکومت آئی ایم ایف اور یورپی ممالک کو خوش کرنے کے بجائے مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔ اگر بدترین مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو یہ ان کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ چھوٹے تاجر، دکاندار اور سفید پوش طبقہ پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ کاروباری سرگرمیوں میں کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجات نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بل، مہنگی گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور آٹا، گھی و چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کا جینا دشوار کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکمرانوں اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جا رہا ہے ، جس سے عوامی ریلیف کے دعوے بے معنی دکھائی دیتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں جے یو آئی تاجر برادری اور غریب عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں