کارڈیالوجی ہسپتال پارکنگ سے گاڑی کے ٹائر چوری، احتجاج
کارڈیالوجی ہسپتال پارکنگ سے گاڑی کے ٹائر چوری، احتجاجٹھیکیدار تعاون سے انکاری، ہسپتال انتظامیہ اور پولیس پر غفلت کا الزام
ملتان (لیڈی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے دل کے ہسپتال چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریض کے لواحقین نے پارکنگ سے گاڑی کے ٹائر چوری ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ متاثرہ شہری کے مطابق وہ اپنے والد کو دل کے عارضے کے علاج کے لیے تحصیل میلسی سے ہسپتال لایا اور باقاعدہ ٹوکن حاصل کرنے کے بعد گاڑی پارکنگ میں کھڑی کی۔متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ والد کی طبیعت بہتر ہونے پر جب وہ گاڑی لینے پارکنگ پہنچا تو گاڑی کے دو ٹائروں کے نٹ بولٹ کھلے ہوئے تھے جبکہ اصل ٹائر اور رم تبدیل کیے جا چکے تھے۔
اس کے مطابق گاڑی میں لگے نئے ٹائروں کی جگہ انتہائی خستہ حال اور ناکارہ ٹائر نصب کیے گئے تھے جس سے اسے مالی نقصان اٹھانا پڑا۔سائل نے الزام عائد کیا کہ پارکنگ انتظامیہ کی مبینہ غفلت یا ملی بھگت کے بغیر ایسی کارروائی ممکن نہیں۔ اس نے بتایا کہ پارکنگ ٹھیکیدار اور عملے کو آگاہ کرنے کے باوجود انہوں نے نقصان کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ہسپتال انتظامیہ کو بھی شکایت درج کرائی گئی تاہم تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔متاثرہ شہری کے مطابق گاڑی جس مقام پر کھڑی تھی وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، اس کے باوجود واقعہ کے ذمہ دار افراد کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ سائل نے پولیس سے بھی رجوع کیا ہے ۔ اس نے مطالبہ کیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور اس کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے ۔