ریلوے کا بغیر ٹکٹ سفر پرآپریشن مانیٹرنگ سخت
آمدن میں اضافے اور بغیر ٹکٹ سفر کی حوصلہ شکنی کے لیے خصوصی مہم جاری،چیکنگ ٹیموں کا ایک ہی دن میں ایک ہزار 664 بغیر ٹکٹ مسافروں کو مختلف مسافر ٹرینوں میں چارج کرایوں اور جرمانوں کی مد میں مجموعی طور پر 22لاکھ،23ہزار670 روپے وصولی،ڈویژنل انتظامیہ کا کامیابی پر ڈویژنل کمرشل آفیسر، انسپکشن ٹیموں اور فیلڈ سٹاف کو خراج تحسین
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان ڈویژن ریلوے نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ ریلوے حکام کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنگ آفیسر ملتان ڈویژن محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ریلوے آمدن میں اضافے اور بغیر ٹکٹ سفر کی حوصلہ شکنی کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے ۔اس سلسلے میں 31 مئی کو ڈویژنل کمرشل آفیسر ملتان اور ان کی چیکنگ ٹیموں نے مختلف مسافر ٹرینوں میں بھرپور کارروائیاں کیں۔ مسلسل نگرانی، مؤثر منصوبہ بندی اور مربوط حکمت عملی کے نتیجے میں ایک ہی روز کے دوران ایک ہزار 664 بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کو چارج کیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران کرایوں اور جرمانوں کی مد میں مجموعی طور پر 22 لاکھ 23 ہزار 670 روپے وصول کیے گئے ۔
یہ کارکردگی ملتان ڈویژن کی تاریخ میں ایک دن کے دوران حاصل ہونے والی سب سے زیادہ ایس ٹی ای آمدن قرار دی جا رہی ہے جو کمرشل ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر چیکنگ نظام اور فیلڈ میں فعال موجودگی کا واضح ثبوت ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کے رجحان کی حوصلہ شکنی اور ریلوے ریونیو میں اضافے کے لیے مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے تمام چیکنگ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرینوں اور ریلوے سٹیشنوں پر نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ مسافروں کو قواعد و ضوابط کی پابندی کا پابند بنایا جا سکے ۔ڈویژنل انتظامیہ نے اس نمایاں کامیابی پر ڈویژنل کمرشل آفیسر، انسپکشن ٹیموں اور تمام فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیم ورک، محنت اور ذمہ داری کے احساس کے باعث یہ ریکارڈ کامیابی حاصل ہوئی، جو آئندہ بھی ریلوے کی آمدن میں اضافے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔