ویڈیو سیکنڈل تنازع، تاجر کا تحفظ اور کارروائی کا مطالبہ

ویڈیو سیکنڈل تنازع، تاجر کا تحفظ اور کارروائی کا مطالبہ

ایم پی اے سمیت 13 نامزد، 25 نامعلوم افراد کیخلاف کارروائی کی درخواست

بوریوالا (سٹی رپورٹر) ویڈیو سکینڈل تنازعہ پر کپڑے کے تاجر شیخ عبداللہ نے تحفظ فراہم کرنے اور مبینہ دھمکیوں کے خلاف کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی کو درخواست دے دی ہے ۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر منفی مہم کے ذریعے ان کی شہرت اور کاروبار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم پی اے سید سلیمان مہدی نسیم شاہ، آصف خان، صوفی سلمان، سرور، حسن، کاشف، صہیب سمیت 13 نامزد اور 25 نامعلوم افراد ان کے خلاف مہم میں شامل ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ انہیں مختلف ذرائع سے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں جبکہ ایف آئی اے کے نام پر بھی ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ تاجر کے مطابق ان کی گرفتاری سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس سے ان کے رفقاء اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔شیخ عبداللہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مبینہ ویڈیو سکینڈل کا معاملہ این سی سی آئی اے سائبر کرائم لاہور میں زیر سماعت ہے اور وہ قانون کے مطابق اپنا دفاع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں زبردستی معافی مانگنے اور ویڈیو بیان دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔درخواست گزار نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ اور مبینہ دھمکیوں اور ہراسانی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں