لودھراں میں محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، روٹس کا دورہ

لودھراں میں محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، روٹس کا دورہ

ڈی پی او اور ڈی سی کا حساس مقامات کا معائنہ، فول پروف سکیورٹی کی ہدایت

لودھراں (سٹی رپورٹر) محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق نے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف سیدی والا کے ہمراہ مختلف جلوس روٹس، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈی ایس پی صدر سرکل عابد حسین بھلہ اور ایس ایچ او قریشی والا عمران عمر بھی موجود تھے ۔ پولیس افسران نے اعلیٰ حکام کو محرم الحرام کے سکیورٹی پلان، جلوس روٹس، نفری کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر مختلف مقامات پر سکیورٹی انتظامات، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، رکاوٹوں کی تنصیب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے جلوس لائسنس داران، منتظمین اور مقامی عمائدین سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے ، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے کہا کہ تمام جلوس روٹس اور مجالس کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام، امن کمیٹیوں اور منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں