کوٹ ادو،بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو قتل کردیا
زہر پلا کر اور گلا دبا کر قتل کرنے کا الزام، والدہ اور خالہ پر اکسانے کا مقدمہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقہ چک نمبر 144 ایم ایل میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر 17 سالہ لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے والد کی مدعیت میں بھائی، والدہ اور خالہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایف سی سے ریٹائرڈ خادم حسین نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ وقوعہ کے وقت کوئٹہ میں تھا اور گھر میں اس کے بیٹے طاہر مجید، اہلیہ شموں بی بی اور بیٹی فرزانہ بی بی موجود تھے ۔ انہیں اطلاع ملی کہ گھر میں جھگڑا ہو رہا ہے جس پر انہوں نے اپنے بھائیوں کو موقع پر بھیجا۔مدعی کے مطابق جب اس کے بھائی گھر پہنچے تو اندر سے شور کی آوازیں آ رہی تھیں۔ دروازہ کھولنے پر انہوں نے دیکھا کہ ملزم طاہر مجید اپنی بہن فرزانہ بی بی کو زبردستی زہر پلا رہا تھا جبکہ مزاحمت کے دوران لڑکی کی چوڑیاں بھی ٹوٹ چکی تھیں۔مزید الزام کے مطابق مزاحمت پر ملزم نے کپڑے سے فرزانہ بی بی کا گلا دبا دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ بعد ازاں مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ۔مدعی نے اپنی اہلیہ شموں بی بی اور سالی نسیم بی بی پر بھی الزام عائد کیا ہے کہ وہ عرصہ سے لڑکی پر ناجائز تعلقات کے الزامات لگا کر اسے قتل پر اکسا رہی تھیں۔پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ نے طاہر مجید، شموں بی بی اور نسیم بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔