سیکنڈ ایئر امتحانی سنٹر میں ناقص انتظامات، طلبہ پریشان
شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ، متبادل بجلی نہ ہونے سے امتحانی عمل متاثر
میاں چنوں (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ بوائز اور گرلز ڈگری کالج میں ملتان بورڈ کے زیر اہتمام سیکنڈ ایئر کے امتحانی سنٹر میں ناقص انتظامات کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے دوران بجلی کی متبادل سہولت موجود نہ ہونے سے امتحانی عمل بری طرح متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق امتحانی مراکز میں بجلی کی بندش اور مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث کمرہ امتحان میں حبس اور گرمی کے باعث طلبہ و طالبات کو پرچہ حل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ طلبہ نے شکایت کی کہ شدید موسم میں بغیر پنکھوں اور متبادل بجلی کے امتحان دینا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔طلبہ و طالبات نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں فوری طور پر جنریٹر، یو پی ایس اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے اور امتحانی عمل کو بہتر بنایا جا سکے ۔