پیرووال میں فائرنگ، نئی نویلی دلہن زخمی، حالت تشویشناک
رشتہ نہ ہونے کی رنجش پر ملزم نے سسرال گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )پیرووال کے علاقے میں رشتہ نہ ہونے کی رنجش پر نئی نویلی دلہن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہو گئی جبکہ ملزم نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی زخمی کر لیا۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 21 سالہ آمنہ زوجہ علی حسن کے نام سے ہوئی ہے ۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم سرگودھا کا رہائشی تھا اور مبینہ طور پر لڑکی کے سسرال کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی۔پولیس کے مطابق ملزم مقتولہ کا قریبی عزیز ہے جو اس سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم رشتہ نہ ہونے پر اس نے یہ اقدام کیا۔ خاتون چند روز قبل ہی سرگودھا سے پیرووال بیاہی گئی تھی۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کیا جہاں سے اسے تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔پولیس تھانہ صدر نے زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔