شہر میں صفائی مہم مزید موثر بنانے کا حکم جاری
گلی محلوں کو ویسٹ فری بنانے کا ہدف پورا کرنے کیلئے کنٹریکٹرز کو سخت وارننگ جاری
ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لئے عملی اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ذوالفقار احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گلی محلوں میں پیدل چل کر صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور شہریوں سے براہ راست ملاقاتیں کرکے ان کے مسائل اور تجاویز بھی سنیں۔ اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق اور ڈسٹرکٹ منیجر نے صفائی آپریشن، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن اور فیلڈ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذوالفقار احمد نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہا ہے تاہم صفائی نظام میں بہتری کے لئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے گلی محلوں اور بازاروں کو ویسٹ فری بنانے کے لئے کنٹریکٹرز کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کئے جائیں۔ سی ای او نے واضح کیا کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے اور شاہراہوں پر پھینکنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کلچر کے فروغ کے لئے تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے تعاون سے آگاہی مہم جاری ہے جبکہ شہری بھی صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لئے صفائی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔