جلال پور پیروالا ، محرم میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت
اسسٹنٹ کمشنر کا اجلاس، جلوسوں کے روٹس کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا
جلال پور پیروالا (نامہ نگار) محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مکرم سلطان کی زیر صدارت معززین علاقہ، لائسنس ہولڈرز اور جلوس منتظمین کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد، سکیورٹی انتظامات، روٹس کی صورتحال، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور ضابطہ اخلاق پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ لائسنس ہولڈرز اور منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور تمام طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے چیف آفیسر کے ہمراہ کوٹلہ چاکر، بہادر پور اور دیگر علاقوں میں جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران سکیورٹی، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی، روٹ کلیئرنس اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔