یکم محرم،138 مجالس، 5 جلوسوں کیلئے سخت حفاظتی اقدامات
پولیس افسروں ، اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات، روٹس کی کڑی نگرانی
ملتان (کرائم رپورٹر)ضلع ملتان میں یکم محرم الحرام کے موقع پر 138 مجالس اور 05 جلوسوں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے پولیس افسروں اور جوانوں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر سخت نگرانی، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے ۔سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار ہے ۔داخلی و خارجی راستوں پر جامع چیکنگ کا نظام نافذ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ سی پی او ملتان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پولیس اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔