ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ
اوورچارجنگ پر کارروائی کی گئی ، سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی ہدایت
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے اچانک ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے سروس ڈیلیوری، ادویات کی فراہمی، ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری اور دیگر انتظامات کو چیک کیا۔دورے کے دوران انہوں نے سائیکل اسٹینڈ پر اوورچارجنگ کرنے والے شخص کو موقع پر گرفتار کروایا اور ایم ایس کو متعلقہ تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے استغاثہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ روم سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جبکہ وہیل چیئر کاؤنٹر، انتظار گاہ اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات کو بھی چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز اور سٹاف مریضوں سے حسن سلوک کریں اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔دورے کے موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، ایم ایس اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔