شہریوں کو نکاسی آب کی سہولت اولین ترجیح،فیصل شوکت
میگا ترقیاتی منصوبے شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب ایک اہم سنگ میل
ملتان (وقائع نگار خصوصی )منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے کہا ہے کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری، جدید اور بلا تعطل سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش سیوریج مسائل کا مستقل اور دیرپا حل یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں جاری سیوریج کے میگا ترقیاتی منصوبے شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ ان منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق تکمیل سے نہ صرف شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ مون سون سیزن کے دوران اربن فلڈنگ کے خطرات پر بھی مؤثر انداز میں قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ جہانگیر آباد اور اس سے ملحقہ گنجان آباد علاقوں میں برسوں سے جاری سیوریج مسائل کے مستقل حل کے لئے ٹرنک سیوریج لائنوں کی تنصیب اور جدید ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر انتہائی اہم منصوبہ ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جہانگیر آباد، راجہ پور، وریام کالونی، فرخ ٹاؤن، متی تل روڈ سے ملحقہ علاقے ، ڈھیڑ چوک، ملتان ایونیو روڈ اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے اطراف واقع آبادیوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولت میسر آئے گی اور ان علاقوں کے دیرینہ مسائل کا مستقل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ورکنگ سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام کام اعلیٰ معیار اور مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ انجام دیئے جائیں۔