ضلع خانیوال میں گرین پراپرٹی سرٹیکیٹ کا اجرا شروع
نیا نظام شفافیت، انفرادیت اور جائیداد کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنائے گا:ملیحہ رشید
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) ضلع خانیوال میں گرین پراپرٹی سرٹیکیٹ کا اجراء شروع ہوگیا ، ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور لینڈ ریکارڈ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع خانیوال میں ہر قسم کی سرکاری اور نجی جائیداد کے لیے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی روایتی فرد کے اجراء کا سلسلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا نیا نظام شفافیت، انفرادیت اور جائیداد کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ اس جدید نظام سے شہریوں کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور آسان لینڈ ریکارڈ سروسز میسر آئیں گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) فضل عباس نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جولائی 2026 سے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا اجراء لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور روایتی فرد جاری نہیں کی جائے گی۔ڈی سی نے متعلقہ افسران کو نئے نظام پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پنجاب حکومت کی اس جدید ڈیجیٹل سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی جائیداد کو محفوظ بنانے کے لیے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔