پولیس کے مبینہ چھاپوں کیخلاف تھانے کے سامنے احتجاج
خواتین و مردوں پر تشدد اور گرفتاریوں کے الزامات، متاثرین کا نوٹس کا مطالبہ
گگومنڈی (نامہ نگار) نواحی گاؤں 187 ای بی میں پولیس کے مبینہ چھاپوں، خواتین و مردوں پر تشدد اور بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف درجنوں مرد و خواتین نے تھانہ گگو منڈی کے سامنے احتجاج کیا۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری دو گاڑیوں میں سوار ہو کر گاؤں 187/ای بی پہنچی،گھر میں داخل ہو کر خواتین اور مردوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کیا۔پولیس کے مبینہ تشدد کے باعث ایک خاتون بے ہوش ہو گئی، جس کا حالیہ دنوں میں اپینڈکس کا آپریشن ہوا تھا، پولیس نے دو نوجوانوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا تشدد کا نشانہ بنایا ، بعد ازاں بیگناہ کہہ کر چھوڑ دیا گیا۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ علی حسن، حمزہ اور وسیم کو ناکا بندی پر روکا گیا تھا، نہ رکنے پر انہیں حراست میں لیا اور ویری فکیشن کے بعد رہا کر دیا گیا۔