فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، 22 من مضر صحت خوراک تلف

فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، 22 من مضر صحت خوراک تلف

جوس پلانٹ، کیچپ یونٹ کو جرمانہ، غیرقانونی سلاٹر ہاؤس پر مقدمہ درج

ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر ملتان اور کبیروالا میں جوس پلانٹ، کیچپ پروڈکشن یونٹ اور غیرقانونی سلاٹر ہاؤس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ساڑھے 22 من سے زائد مضر صحت خوراک تلف کر دی گئی، جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ غیرقانونی سلاٹر ہاؤس کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مخدوم پور چونگی اور پل رانگو، کبیروالا میں قائم جوس پلانٹ اور کیچپ پروڈکشن یونٹ کا معائنہ کیا۔ اس دوران کیچپ اور سوسز کی تیاری میں غیرمعیاری اجزا کے استعمال، خام مال کے سٹور میں حشرات، صفائی کے ناقص انتظامات اور واٹر ٹینکوں میں فنگس کی موجودگی پائی گئی۔

 ٹیم نے ساڑھے 15 من مضر صحت کیچپ تلف کرکے جوس پلانٹ کو ایک لاکھ اور کیچپ یونٹ کو 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔دوسری جانب سمیجہ آباد، محلہ رحمان پورہ میں قائم غیرقانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپے کے دوران ساڑھے 6 من سے زائد باسی اور بدبودار گوشت برآمد ہوا، جسے ویٹرنری ڈاکٹر نے انسانی صحت کے لئے مضر قرار دیا۔ تمام گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں