دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، تونسہ بیراج پر صورتحال معمول پر
انتظامیہ الرٹ، بیٹ فقیر والی میں سیلاب ریلیف کیمپ قائم، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مون سون بارشوں کے باعث ملک کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، تاہم دریائے سندھ پر واقع ہیڈ تونسہ بیراج پر صورتحال تاحال معمول کے مطابق ہے اور کسی درجے کے سیلاب کی اطلاع نہیں ملی۔تفصیلات کے مطابق ہیڈ تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 22 ہزار 305 کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 95 ہزار 705 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بیراج کا اپر گیج 446 فٹ اور لوئر گیج 430.40 فٹ ریکارڈ ہوا۔ مظفرگڑھ کینال میں 7 ہزار کیوسک، ڈی جی خان کینال میں 7 ہزار 600 کیوسک جبکہ ٹی پی لنک کینال میں 12 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ، جبکہ کچھی کینال بدستور بند ہے ۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ خانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ، جبکہ تربیلا، کالا باغ، چشمہ، منگلا، ہیڈ مرالہ، قادرآباد اور نوشہرہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے ۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیڈ تونسہ بیراج کے بیٹ فقیر والی میں سیلاب ریلیف کیمپ قائم کر دیا ہے ، جہاں شہریوں کے لیے ضروری سہولیات اور معلومات کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے ۔انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں
دریا کے کناروں پر غیر ضروری جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments