سکول بیسڈ ایکشن پلان لازمی قرار
محکمہ سکول ایجوکیشن کا پروفارما جاری ، ہر ادارہ ضروریات، ترجیحات، متوقع اخراجات کی تفصیلات درج کرے گا،کوڈ ، ضلع، تحصیل، مرکز،یونین کونسل،لوکیشن کی تفصیل طلب ایکشن پلان کے ذریعے کلاس رومز، فرنیچر،واش رومز، بجلی ،پانی ، باؤنڈری وال،لیبارٹریز،آئی ٹی آلات اور دیگر سہولیات کی ضروریات کا درست تخمینہ لگا یا جاسکے ، حکام سکول ایجوکیشن
ملتان(خصوصی رپورٹر)پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ‘‘سکول بیسڈ ایکشن پلان’’ لازمی، ترقیاتی ضروریات کی ترجیحی فہرست تیار کرنے کی ہدایت تفصیل کے مطابق پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری سکولوں میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے لئے تمام تعلیمی اداروں کو ‘‘سکول بیسڈ ایکشن پلان’’ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ اس مقصد کے لئے ایک باقاعدہ فارم بھی جاری کیا گیا ہے جس میں ہرسکول اپنی ضروریات، ترجیحات اور متوقع اخراجات کی تفصیلات درج کرے گا ۔ہر سکول کو اپنا نام، کوڈ، ضلع، تحصیل، مرکز، یونین کونسل اور لوکیشن سمیت بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے بعدسکول انتظامیہ کو ترقیاتی ضروریات کی تفصیل، ان کی ترجیح، مطلوبہ مقدار یا معیار، تخمینہ لاگت اور ذمہ دار افسر کا اندراج کرنا ہوگا تاکہ سکول کی حقیقی ضروریات کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جا سکے اس منصوبے کا مقصد ہر سرکاری سکول کی بنیادی ضروریات کو زمینی حقائق کے مطابق دستاویزی شکل دینا، دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا اور ترقیاتی فنڈز کو شفاف اور ترجیحی بنیادوں پر خرچ کرنا ہے ۔ اس ایکشن پلان کے ذریعے کلاس رومز، فرنیچر، واش رومز، بجلی، پانی، باؤنڈری وال، لیبارٹریز، آئی ٹی آلات اور دیگر سہولیات کی ضروریات کا درست تخمینہ لگایا جا سکے گا۔فارم میں مجموعی اخراجات درج کرنے کے ساتھ ہیڈ ماسٹر یا پرنسپل، سکول مینجمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری اور دیگر متعلقہ ذمہ داروں کے دستخط کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے ، تاکہ جمع کرائی جانے والی معلومات کی تصدیق اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ تمام سرکاری سکول بروقت یہ ایکشن پلان مکمل کرکے متعلقہ دفاتر کو ارسال کریں گے ، جس کی بنیاد پر آئندہ ترقیاتی منصوبہ بندی، فنڈز کی تقسیم اورسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے فیصلے کئے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments