سرکاری ونجی سکولوں میں سیفٹی پلان نافذ،عملدرآمد کے احکامات

سرکاری ونجی سکولوں میں سیفٹی پلان نافذ،عملدرآمد کے احکامات

ہر سکول میںفائر سرکٹ یا آتشزدگی کے دوران اقدامات کی تربیت دی جائیگی

 ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں جامع سیفٹی پلان نافذ، فائر سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت تفصیل کے مطابق ملتان سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فائر فائٹنگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کا جامع سیفٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے کے تمام اضلاع کے ایجوکیشن افسروں کو تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لینے اور فائر سیفٹی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ہر سکول میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی، موزونیت اور فعال حالت کو سو فیصد یقینی بنایا جائے ۔ اس کے علاوہ سکول انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عملی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔سیفٹی پلان کے تحت ریسکیو 1122 کے تعاون سے اساتذہ اور سکیورٹی عملے کو فائر ایکسٹنگوئشر کے درست استعمال، شارٹ سرکٹ یا آگ لگنے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات اور ہنگامی بنیادوں پر سکول کی عمارت خالی کروانے کے عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔

تمام تعلیمی اداروں کو ہنگامی اخراج کے راستے واضح کرنے ، ایمرجنسی ایگزٹ کی مناسب نشاندہی، آگ سے خبردار کرنے والے الارم سسٹم کو فعال اور مؤثر بنانے جبکہ بجلی کی وائرنگ کا مکمل سیفٹی آڈٹ کرانے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق ہر سکول میں ایک باقاعدہ سیفٹی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو سکول میں حفاظتی انتظامات کی نگرانی کے ساتھ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں یہ کمیٹی فوری ردِعمل، طلبہ کے محفوظ انخلا اور متعلقہ اداروں کو بروقت اطلاع دینے کی ذمہ دار ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ سیفٹی پلان کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنا اور کسی بھی ناگہانی حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کے خطرات کو کم سے کم کرنا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...