مریم نواز ہسپتال شاہ جمال میں فائر سیفٹی ناقص انتظامات

مریم نواز ہسپتال شاہ جمال میں فائر سیفٹی ناقص انتظامات

سول ڈیفنس کے معائنے میں قابل استعمال فائر ایکسٹنگوشر نہ ہونے کا انکشاف

شاہ جمال (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات کے باوجود مریم نواز ہسپتال شاہ جمال میں فائر سیفٹی کے انتظامات ناقص ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیم نے ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا تو ہسپتال میں آگ بجھانے کے لیے ایک بھی مناسب اور قابل استعمال فائر ایکسٹنگوشر موجود نہیں تھا۔ذرائع کے مطابق معائنے کے دوران فائر سیفٹی کے ضروری آلات کی عدم موجودگی سامنے آنے پر ہسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور پر ہسپتال کی پچھلی گلی میں واقع گیس کی دکان سے ایک فائر سلنڈر لاکر ٹیم کے سامنے پیش کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ سلنڈر گزشتہ ہفتے خریدا گیا ہے ، تاہم سول ڈیفنس اہلکاروں نے جب سلنڈر چیک کیا تو مبینہ طور پر اس کی میعاد 2024ء میں ختم ہوچکی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میعاد ختم شدہ سلنڈر کو فائر سیفٹی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے پیش کیے جانے سے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ فائر سیفٹی ماہرین کے مطابق ہسپتالوں میں مناسب تعداد میں فائر ایکسٹنگوشرز کی موجودگی، بروقت ری فلنگ، درست جگہ پر تنصیب اور باقاعدہ معائنہ بنیادی حفاظتی تقاضے ہیں۔شہریوں نے محکمہ صحت مظفرگڑھ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ہسپتال میں تمام ضروری حفاظتی آلات فوری فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کاغذی کارروائی کے بجائے عملی طور پر حفاظتی انتظامات کی جانچ ضروری ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں مریضوں، لواحقین اور عملے کی جانیں محفوظ رہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...