سرائے سندھو،خاتون کی پراسرار موت، زہر دینے کا الزام
درخواست متعلقہ پولیس افسر کو ارسال، قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت
چوپڑہٹہ (نمائندہ دنیا)تھانہ سرائے سدھو کے موضع بہاول پور کی رہائشی زاہدہ بی بی کی پراسرار موت کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ متوفیہ کی رشتہ دار ثریا بی بی نے مجسٹریٹ کبیروالا کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ زاہدہ بی بی کو مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کیا گیا۔ درخواست گزار نے موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے پوسٹ مارٹم اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔درخواست کے مطابق زاہدہ بی بی کی شادی محمد رمضان سے 2017ء میں ہوئی تھی۔ ثریا بی بی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد گھریلو معاملات پر میاں بیوی کے درمیان اختلافات اور جھگڑے رہتے تھے ۔ بعدازاں زاہدہ بی بی کی اچانک موت واقع ہوگئی۔ درخواست گزار کے مطابق واقعہ کے بعد سامنے آنے والی بعض باتوں اور مبینہ شواہد کی وجہ سے موت کے بارے میں شکوک پیدا ہوئے ، جس پر معاملے کی مکمل تحقیقات اور پوسٹ مارٹم ضروری قرار دیا گیا۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ کو محض طبعی موت قرار دینے کے بجائے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔ اگر کسی شخص کا جرم ثابت ہو تو اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔ انہوں نے پولیس حکام سے غیرجانبدارانہ انکوائری، شواہد اکٹھے کرنے اور قانونی و طبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔دستاویز پر موجود احکامات کے مطابق درخواست متعلقہ پولیس افسر کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق انکوائری اور کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تاہم قتل اور زہر دینے کے الزامات درخواست گزار کا مؤقف ہیں، جن کی حتمی تصدیق تفتیش کے بعد ہوگی۔درخواست میں وسیم عباس چدھڑ کے خلاف مبینہ جھوٹے مقدمات کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور اعلیٰ حکام سے انہیں تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments