محمد زبیر خان بلوچ چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی مقرر ہوگئے
افسروں کے ساتھ اجلاس،محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
لودھراں (سٹی رپورٹر)رکن پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 227 لودھراں محمد زبیر خان بلوچ کو حکومت پنجاب نے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی مقرر کردیا۔ وہ رکن قومی اسمبلی محمد صدیق خان بلوچ کے صاحبزادے ہیں۔ پنجاب فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ محمد زبیر خان بلوچ نے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا۔عہدہ سنبھالنے کے بعد محمد زبیر خان بلوچ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے لاہور دفتر پہنچے ، جہاں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں ادارے کے امور، کارکردگی اور مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعدازاں چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی نے افسران کے اجلاس کی صدارت کی اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فرائض دیانتداری، فرض شناسی اور میرٹ کے ساتھ انجام دیے جائیں۔محمد زبیر خان بلوچ نے کہا کہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس مقصد کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments