میاں چنوں انڈر پاس کی تعمیر میں تاخیر، شہری پریشان

میاں چنوں انڈر پاس کی تعمیر میں تاخیر، شہری پریشان

صوبائی وزیر کے دورے کو چھ ماہ گزر گئے ، منصوبہ تاحال تکمیل کا منتظر

میاں چنوں (تحصیل رپورٹر)شہر کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں شامل میاں چنوں انڈر پاس کی تعمیر و مرمت میں مسلسل تاخیر شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بن گئی۔ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے مختلف اوقات میں یقین دہانیاں اور اعلانات سامنے آتے رہے ، تاہم عملی طور پر کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔ 25 فروری کو صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے میاں چنوں انڈر پاس پر تعمیر کیے جانے والے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر شہریوں کو بتایا گیا تھا کہ انڈر پاس کو بہترین ماحول اور ضروری سہولیات کے ساتھ مکمل کیا جائے گا، جس سے آمدورفت میں آسانی ہوگی۔مذکورہ دورے کو تقریباً چھ ماہ گزرنے کے باوجود منصوبہ تاحال تکمیل کا منتظر ہے ۔ تعمیراتی کام کی سست رفتاری کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور عوامی حلقے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات جاننا چاہتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انڈر پاس میاں چنوں کے ٹریفک نظام کیلئے انتہائی اہم منصوبہ ہے ۔ اس کی بروقت تکمیل سے ریلوے کراسنگ اور شہر میں ٹریفک کے مسائل کم ہونے کی توقع ہے ۔، جبکہ تاخیر کے باعث روزانہ سفر کرنے والے شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی موجودہ صورتحال، نئی تکمیل کی تاریخ اور تعمیراتی کام میں رکاوٹوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے ۔ اگر فنڈز، تعمیراتی امور یا انتظامی مسائل کے باعث تاخیر ہوئی ہے تو اس کی وجوہات بھی سامنے لائی جائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ منصوبے کیلئے واضح ٹائم لائن جاری کرکے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...