وہاڑی میں سسرالیوں کا خاتون پر مبینہ تشدد، ورثا کا احتجاج
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کا پولیس پر کارروائی اور میڈیکل میں تاخیر کا الزام
وہاڑی (خبرنگار)موضع مصطفیٰ آباد میں خاتون پر سسرالیوں کی جانب سے مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ متاثرہ ارم شہزادی کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس تھانہ لڈن پر کارروائی میں مبینہ تاخیر اور طبی معائنے میں رکاوٹ کا الزام عائد کیا ہے ۔متاثرہ خاتون کے والد محمد اسلم، چچا محمد عاشق، لیاقت علی اور دیگر اہل خانہ کے مطابق ارم شہزادی کو اس کے سسر جان محمد، ساس رانی بی بی، دیور محمد کاشف، محمد آصف اور نندوں سمیرا و عائشہ نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد انہوں نے پولیس سے رجوع کیا، تاہم مبینہ طور پر کارروائی میں تاخیر کی جارہی ہے ۔ورثا کے مطابق متاثرہ خاتون کے میڈیکل معائنے میں بھی تاخیر کا سامنا ہے ، جس کے باعث انہیں تشویش لاحق ہے ۔ ارم شہزادی نے بھی اپنے بیان میں مبینہ تشدد کی تفصیلات بتاتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے متاثرہ خاتون کو فوری طبی اور قانونی معاونت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔دوسری جانب واقعے میں نامزد افراد پر عائد الزامات کی آزادانہ تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments