لودھراں ،خصوصی افراد کو حق رائے دہی استعمال کرنیکی تلقین

لودھراں ،خصوصی افراد کو حق رائے دہی استعمال کرنیکی تلقین

الیکشن کمشنر آفس میں اجلاس، پوسٹل ووٹ سمیت انتخابی طریقہ کار سے آگاہی

دھنوٹ (نامہ نگار)الیکشن کمشنر آفس لودھراں میں خصوصی افراد کے حوالے سے آگاہی اجلاس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لودھراں لیاقت نواز شاہد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں افراد باہم معذوری کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ اجلاس میں خصوصی افراد کو ووٹ کی اہمیت، حق رائے دہی اور ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار، بالخصوص پوسٹل ووٹ کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لیاقت نواز شاہد نے کہا کہ ووٹ ہر شہری کا بنیادی آئینی اور جمہوری حق ہے ۔ خصوصی افراد بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کیلئے تمام ضروری معلومات اور سہولیات سے آگاہ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا آزادانہ اور درست استعمال جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے خصوصی افراد پر زور دیا کہ وہ اپنا ووٹ ضرور درج کروائیں، انتخابی فہرست میں اپنے کوائف کی درستگی یقینی بنائیں اور انتخابات کے موقع پر ذمہ داری کے ساتھ حق رائے دہی استعمال کریں۔اجلاس میں اسسٹنٹ الیکشن کمشنر لودھراں نسیم احمد، حافظ محمد شکیل (سوشل ویلفیئر)، ایم احسن کھوکھر (نادرا)، شازیہ نورین (ڈی ای او لٹریسی)، محمد وسیم خان (محکمہ تعلیم)، صحافیوں، سماجی تنظیموں کے نمائندگان چوہدری وارث علی، اے ڈی انجم، محمد سجاد، سید اظہر بخاری سمیت افراد باہم معذوری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے خصوصی افراد کو انتخابی عمل میں شامل کرنے اور ان کے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...