جلوس میں غیر مناسب سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے:اورنگزیب

جلوس میں غیر مناسب سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے:اورنگزیب

12 ربیع الاول مسلمانوں کیلئے انتہائی مقدس اور عقیدت کا دن ہے:چودھری منشا

میاں چنوں (تحصیل رپورٹر)12 ربیع الاول، جشن میلادالنبی ؐکے موقع پر گانے ، ڈانس اور دیگر مبینہ غیر شرعی سرگرمیوں کے خلاف صدر تحریک پاسبان اہل سنت، صدر بار ایسوسی ایشن سردار اورنگزیب نظامی ایڈووکیٹ، صدر متحدہ شہری محاذ چوہدری محمد منشاء کھکھ اور چوہدری سفیان افضل نے پریس کانفرنس کی۔ مقررین نے کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کیلئے انتہائی مقدس اور عقیدت کا دن ہے ، اس موقع پر خوشی مناتے ہوئے مذہبی تقدس اور اسلامی اقدار کا خصوصی خیال رکھا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جشن کے نام پر گانے ، ڈانس اور دیگر مبینہ غیر مناسب سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ میلاد محبت، عقیدت، درود و سلام اور سیرت طیبہ کو اجاگر کرنے کا موقع ہے ، اسے ایسی سرگرمیوں سے متاثر نہیں ہونا چاہیے جو مذہبی تقدس کے منافی ہوں۔مقررین نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی آمد پوری انسانیت کیلئے رحمت کا پیغام ہے ، اس لیے اس موقع پر ادب و احترام کو مقدم رکھا جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اصلاح اور آگاہی کے ذریعے عوام کو میلادالنبی ؐ کے حقیقی پیغام، سیرت رسول ؐاور اسلامی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے ۔پریس کانفرنس میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ 12 ربیع الاول کے پروگراموں میں مذہبی تقدس، امن و امان اور اخلاقی اقدار کو یقینی بنایا جائے ۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ جشن میلادالنبی ؐ کو درود و سلام، ذکر و اذکار، نعت خوانی، سیرت طیبہ کے بیان اور مستحق افراد کی مدد جیسے مثبت اعمال کے ذریعے منایا جائے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...