ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کاریونیو معاملات جلد نمٹانے کا حکم
محکمہ مال کی کارکردگی کا جائزہ، عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی زیر صدارت ریونیو امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) قدسیہ ناز سمیت محکمہ مال کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے ریونیو معاملات، زیر التوا کیسز اور محکمہ مال کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو معاملات میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محکمہ مال سے متعلق امور میں بلاوجہ تاخیر کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور زیر التوا کیسز و درخواستیں مقررہ مدت کے اندر نمٹائی جائیں۔انہوں نے سائلین کے مسائل کے فوری حل کیلئے مؤثر اقدامات کرنے اور عوامی شکایات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی درستگی اور شفافیت برقرار رکھتے ہوئے حکومتی ہدایات پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔بلال سلیم نے واضح کیا کہ عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ مال سے متعلق معاملات میں کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری ازالے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments