بلدیاتی انتخابات، خصوصی افراد کی انتخابی شرکت کیلئے آگاہی سیشن
ووٹ بذریعہ ڈاک کی اہمیت، اہلیت و درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار پر بریفنگ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) آنے والے بلدیاتی انتخابات میں خصوصی افراد کی بھرپور انتخابی شرکت یقینی بنانے کے لیے دفتر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خانیوال میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کی صدارت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد اشفاق حسن نے کی، جس میں خصوصی افراد اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔شرکا کو بلدیاتی انتخابات میں پوسٹل بیلٹ (ووٹ بذریعہ ڈاک) کی اہمیت، اہلیت کے معیار اور درخواست فارم جمع کرانے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے ۔ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، الیکشن کمیشن ان کی آزادانہ، باوقار اور آسان انتخابی شرکت کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے تاکہ کوئی ووٹر حق رائے دہی سے محروم نہ رہے ۔سیشن میں خصوصی افراد کو روزمرہ زندگی اور عوامی مقامات پر درپیش سماجی و سفری مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے الیکشن کمیشن کے اقدام کو سراہتے ہوئے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کو سفارشات بھیجیں کہ سرکاری دفاتر، بینکوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی افراد کی سہولت کے لیے وہیل چیئر ریمپس تعمیر کیے جائیں اور آگاہی سیشنز ہر سہ ماہی منعقد کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments