مالکان کی من مانیاں، 1 ہزار اینٹ 16 ہزار روپے تک فروخت
سرکاری نرخ نظر انداز، تعمیراتی اخراجات میں اضافہ، فوری کارروائی کا مطالبہ
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)اینٹوں کے نرخ بے قابو، گھر بنانا عوام کے لیے مشکل ، ایک ہزار اینٹ 16 ہزار روپے تک فروخت، بھٹہ خشت مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر اینٹوں کے من مانے نرخ مقرر کیے جانے سے گھر تعمیر کرنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ۔ شہریوں کے مطابق سرکاری نرخوں پر اینٹیں دستیاب نہیں جبکہ اینٹوں کی قیمت بڑھا کر اینٹ کی فی ہزار قیمت 16 ہزار روپے تک وصول کی جا رہی ہے ، جس کے باعث تعمیراتی اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث گھر بنانا عام آدمی کے لیے مشکل ہوچکا ہے ، ایسے میں اینٹوں کے نرخوں میں مبینہ خود ساختہ اضافہ رہی سہی کسر بھی پوری کر رہا ہے ۔ تعمیراتی کام شروع کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ اینٹ، سیمنٹ، سریا اور دیگر سامان کی قیمتوں میں اضافے کے باعث محدود آمدن والے خاندانوں کے لیے اپنا گھر تعمیر کرنا تقریباً ناممکن بنتا جا رہا ہے متاثرہ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بھٹہ خشت مالکان مبینہ طور پر سرکاری نرخوں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کر رہے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اینٹوں کی قیمتوں میں مبینہ من مانی کا فوری نوٹس لیکر سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments