زرعی یونیورسٹی میں سائنٹیفک رائٹنگ پروگرام کا آغاز

زرعی یونیورسٹی میں سائنٹیفک رائٹنگ پروگرام کا آغاز

طلبہ محض معلومات حاصل کرنے کی بجائے ‘‘سیکھنے کا طریقہ ’’سیکھیں، وی سی

ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ طلبا و طالبات کی تحقیقی و علمی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے سات روزہ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ پروگرام کے 26ویں سیشن کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی سیشن سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغئہ امتیاز)نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ پروگرام پوسٹ گریجویٹ طلبا و طالبات کی تحقیقی تحریر، سائنسی مقالہ نویسی اور تحقیق کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران حاصل ہونے والا علمی فہم اور عملی تربیت طلبا کو مستقبل میں درپیش سائنسی و تحقیقی مسائل کے مؤثر حل تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔وائس چانسلر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ محض معلومات حاصل کرنے کے بجائے ‘‘سیکھنے کا طریقہ سیکھیں’’، روایتی طرزِ فکر سے ہٹ کر تخلیقی اور تنقیدی انداز میں سوچیں اور ہر روز کچھ نیا سیکھنے کے عزم کے ساتھ تربیتی نشستوں میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں علمی و سائنسی ترقی کے لئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے ، جبکہ معیاری تحقیق ہی ملکی ترقی، پائیدار زرعی پیداوار اور درپیش مسائل کے سائنسی حل کی بنیاد بن سکتی ہے ۔اس سات روزہ تربیتی پروگرام کے دوران بیرونِ ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار 18 سینئر فیکلٹی ممبران پوسٹ گریجویٹ طلبا و طالبات کو تحقیقی منصوبوں کے پروپوزلز کی تیاری، تحقیق کی مؤثر منصوبہ بندی، تجربات کے انعقاد، تھیسس اور سائنسی تحقیقی مقالہ نویسی کے جدید طریقۂ کار سمیت تحقیقی گرانٹس کے حصول کے لیے معیاری پروپوزلز کی تیاری کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کریں گے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...