کبیروالا میں ڈکیتیاں بے قابو، ایک روز میں دو وارداتیں
بارہ میل اور حویلی کورنگا میں ڈاکو موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار
جودھ پور (نمائندہ دنیا) کبیروالا سرکل میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں کمی نہ آ سکی، گزشتہ روز تھانہ بارہ میل اور تھانہ حویلی کورنگا کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے شہریوں سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیے ۔ ایک ہی روز دو وارداتوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ پایا جانے لگا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ بارہ میل کی حدود موہری پور روڈ پر نند پور کے رہائشی محمد عرفان آرائیں کو مبینہ طور پر مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا۔ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اس سے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہوگئے ۔دوسری واردات تھانہ حویلی کورنگا کی حدود حاجی دوانہ میں پیش آئی، جہاں مسلح ڈاکو خادم حسین سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ دونوں وارداتوں کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکل کبیروالا میں وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس گشت اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments