سکول کچن گارڈننگ منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ

سکول کچن گارڈننگ منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ

پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو نصابی تعلیم کیساتھ عملی سرگرمیوں سے جوڑنے ، صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےسکولوں میں دستیا ب جگہ پر موسمی سبزیوں کی کاشت، دیکھ بھال،نگہداشت کیلئے ایک ذمہ دار شخص مقرر کیا جائے گا، مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں گے ، حکام

ملتان(خصوصی رپورٹر)سرکاری سکولوں میں کچن گارڈننگ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، طلبہ کو تعلیم کے ساتھ عملی زرعی تربیت بھی دی جائے گی تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ عملی سرگرمیوں سے جوڑنے اور صحت مند ماحول کے فروغ کے لئے کچن گارڈننگ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے سکول سربراہان کو ہدایات پر مبنی مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ، جس میں تمام سرکاری سکولوں میں دستیاب جگہ پر موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے کے مطابق سکولوں میں کچن گارڈننگ کے منصوبے کو مؤثر انداز میں کامیاب بنانے کے لئے ہر سکول میں سبزیوں کی کاشت، دیکھ بھال اور نگہداشت کے لئے ایک ذمہ دار شخص مقرر کیا جائے گا۔ مقررہ ذمہ دار فرد موسمی سبزیوں کی کاشت کے عمل کی نگرانی کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پودوں کو بروقت پانی، مناسب دیکھ بھال اور ضروری نگہداشت فراہم کی جائے ۔

محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ جن سکولوں میں سبزیوں کی کاشت کے باوجود تسلی بخش پیداوار حاصل نہیں ہو گی، وہاں دوبارہ کاشت کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ کچن گارڈننگ منصوبے کے مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکیں۔مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سکول انتظامیہ سبزیوں کی کاشت اور ان کی دیکھ بھال کی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے مانیٹر کرے گی جبکہ کچن گارڈن کی تصاویر اور پیش رفت کی رپورٹ بھی روزانہ شیئر کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کچن گارڈننگ منصوبے کا مقصد طلبہ میں زراعت، ماحولیات، صحت مند خوراک اور عملی زندگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ منصوبے کے ذریعے بچوں کو یہ بھی سکھایا جائے گا کہ محدود وسائل اور دستیاب جگہ کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے گھر اور تعلیمی اداروں میں سبزیاں کیسے اگائی جا سکتی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کچن گارڈننگ منصوبے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔تعلیمی حلقوں کے مطابق سرکاری سکولوں میں کچن گارڈننگ کا منصوبہ نہ صرف طلبہ کو عملی تربیت فراہم کرے گا بلکہ سکولوں میں سرسبز اور صحت مند ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...