میلسی:سیوریج کے کام سے واٹر سپلائی لائنیں ٹوٹ گئیں
غریب آباد، رحمان ٹاؤن اور کمبر روڈ کے رہائشی صاف پانی سے محروم ہوگئےگندا پانی سڑکوں پر جمع،، کھلے مین ہولز سے بچوں کی سلامتی کو خطرات لاحق
میلسی (نامہ نگار)محلہ غریب آباد، رحمان ٹاؤن اور کمبر روڈ کے رہائشیوں نے سیوریج کے کام کے دوران واٹر سپلائی کی پائپ لائنیں ٹوٹنے اور دیگر مسائل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔احتجاج کرنے والے فوجی محمد یار، عامر اعجاز، ملک احمد علی، خورشید احمد، رشید احمد، لیاقت علی، سانول، ظفر، مبین اور دیگر رہائشیوں نے بتایا کہ علاقے میں سیوریج کا کام شروع ہونے سے پانی کی پائپ لائنیں ٹوٹ گئی ہیں۔ ان کے مطابق پانی گھروں کی دیواروں میں داخل ہو کر عمارتوں کو نقصان پہنچا رہا ہے جبکہ پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ پانی کی موٹروں سے حاصل ہونے والے پانی کے آلودہ ہونے کا خدشہ ہے ، جس سے بچوں سمیت اہلِ خانہ کی صحت متاثر ہو سکتی ہے ۔ سیوریج لائنیں متاثر ہونے سے نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم ہے اور سڑکوں پر گندا پانی کھڑا ہونے سے مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے ۔ نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کھلے مین ہولز بچوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹوٹی ہوئی واٹر سپلائی اور سیوریج لائنوں کی فوری مرمت، صاف پانی کی فراہمی بحال اور سڑکوں سے گندے پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگانے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ شہریوں کو مشکلات سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments