کوٹ ادو:خاتون سمیت شہریوں پر تشدد، دھمکیاں، پلر چوری
قصبہ گجرات،چوک سرور شہید میں واقعات، الگ الگ مقدمات ،کارروائی جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوٹ ادو کے مختلف علاقوں میں خاتون سمیت دو شہریوں پر تشدد، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور فیڈ کمپنی کی اراضی پر نصب سیمنٹ کے پلر توڑنے اور چوری کرنے کے واقعات پیش آئے ۔ پولیس نے تینوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی۔پہلا مقدمہ تھانہ قصبہ گجرات کے علاقے موضع ڈبی شاہ کی رہائشی پیاری بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق وہ جانوروں کو چارہ ڈالنے جارہی تھی کہ راستے میں محمد صدیق سمیت تین افراد نے اسے گالیاں دیں۔ الزام ہے کہ ایک ملزم نے اسے سوٹا مارا جبکہ دوسرے نے انگوٹھے پر دانتوں سے کاٹا اور تشدد کیا۔
دوسرا مقدمہ موضع کہاوڑ کے رہائشی محمد فیصل ایاز کی مدعیت میں درج ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق اس کا بھائی محمد شکیل دربار بابا کریم شاہ سے واپس گھر آرہا تھا کہ محمد واجد، شہزاد رفیق، محمد ناصر اور محمد انصر نے اسے تشدد کرکے زخمی کردیا۔ بعدازاں علاقہ معززین نے فریقین میں صلح کرادی۔ مدعی کے مطابق بعد میں محمد شفیع نے فون پر اسے اور اس کے اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ الزام ہے کہ بعدازاں ملزمان نے اسے گھر سے ملحقہ پلاٹ میں بھی تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔تیسرا مقدمہ تھانہ صدر سرور شہید کے علاقے موضع پتل منڈا شرقی میں جدید فیڈز کے منیجر محمد انس خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کی خریدی گئی اراضی کی حدبندی کے لیے نصب سیمنٹ کے پلر جام والا کے مہر محمد سجاد، سجاول، دلاور اور چار نامعلوم افراد نے اکھاڑ کر توڑ دیے اور بعض پلر ساتھ لے گئے ۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے شکوہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments