موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عالمی زرعی کانفرنس شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلیوں، آبی وسائل کے بہتر انتظام اور پائیدار زراعت کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوگئی۔۔
پہلے روز افتتاحی تقریب، تکنیکی نشستوں اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا گیا، جن میں پاکستان سمیت آسٹریلیا، نیدرلینڈز، جرمنی اور اٹلی کے ماہرین، محققین اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی قلت اور زرعی شعبے کے مسائل سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر پالیسی سازی اور اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے ۔ پانی کے ضیاع کی روک تھام اور جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں اور آبی وسائل پر بڑھتے دباؤ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان سے نمٹنے کے لیے سائنسی تحقیق، بین الاقوامی تعاون، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور پانی کے دانشمندانہ استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔
ایف اے او پاکستان کی پروگرام سربراہ آمنہ باجوہ، نیدرلینڈز کی واٹر مینجمنٹ ایکسپرٹ تانیا عمران، یونیورسٹی آف ایڈیلیڈ آسٹریلیا کے پروفیسر لنکریس اور وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں آبی وسائل کے ڈیجیٹل انتظام، زیر زمین پانی کی ماڈلنگ، موسمیاتی پیش گوئی، فصلوں کی نقشہ سازی اور جدید آبپاشی نظام پر تحقیقی مقالے پیش کیے گئے ۔ خوراک کے تحفظ کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ آبی مستقبل کے موضوع پر پینل ڈسکشن بھی ہوئی، جس میں پانی کے تحفظ اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے مشترکہ حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پہلے روز دو تکنیکی نشستوں میں مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ریموٹ سینسنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت پر تحقیقی کام پیش کیا گیا، جبکہ پوسٹر مقابلے میں نوجوان محققین نے اپنے منصوبے متعارف کرائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments