دریائی کٹاؤ بڑھنے سے شیر شاہ سوری روڈ کو خطرہ لاحق : کمشنر
آئندہ سیلاب سیزن سے قبل تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت میانوالی کی تحصیل پپلاں کے موضع دھنگانہ میں دریائی کٹاؤسے شیر شاہ سوری روڈ کے تحفظ سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، چیف انجینیئر انہار صداقت لطیف، ایس ای ہائی ویز رانا عابد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
کمشنر کو بتایا گیا کہ کٹاؤ بڑھنے سے شیر شاہ سوری روڈ کو خطرہ لاحق ہے اور مستقل حل بھی ضروری ہے۔ انہار افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ تخمینہ جات تیار کر کے فنڈز کے اجرا کے لیے صوبائی حکومت کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ اس میں تحفظِ سڑک کے لیے مضبوط حفاظتی بند کی بحالی اور مستقل انجینیئرنگ اسٹرکچر کی تجاویز شامل ہیں۔ چیف انجینئر انہار نے بتایا کہ طویل المدتی حل کے لیے دریا کے کمزور پوائنٹس کو مضبوط کرنے اور روڈ کے گرد حفاظتی نظام بہتر بنانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ آئندہ سیلاب سیزن سے قبل تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔