ملازمین کی سرکاری رہائش گاہیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئیں، سانحہ ہونے کا خدشہ
شہر میں 4 سرکاری رہائشی کالونیاں ،ایک ہزار افراد رہائش پذیر، کالونیاں اپنی مدت مکمل کر چکی ہیں،تنخواہوں سے کرایوں کی مد میں کٹوتیاں،مرمت پر ایک روپیہ خرچ نہ کیا گیا ،کئی عمارتیں انتہائی خطرک :ذرائع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ بلڈنگ افسران کی مبینہ عدم توجہ کے باعث سرگودھا میں سرکاری ملازمین کی سرکاری رہائش گاہیں کھنڈرات بننے سے کسی وقت بھی کوئی سانحہ رونما ہونے کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے ذرائع کے مطابق شہر میں 4 سرکاری رہائشی کالونیاں ہیں جن میں ایک افسران کی ہے جبکہ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع سرکاری کالونی،پی ڈبلیو ڈی کالونی،بابو محلہ سروس کالونی ملازمین کی ہیں ا ن کالونیوں میں مجموعی طور پر سرکاری رہائش گاہوں میں ملازمین اور انکی فیملیز کے لگ بھگ 1ہزار افر اد رہائش پذیر ہیں ،سب سے زیادہ خستہ حالی کا شکار بابو محلہ سروس کالونی(کمشنر کالونی) ہے جو کہ 1903میں بنا ئی گئی تھی ،اس کالونی کی لگ بھگ تمام رہائش گاہیں عرصہ دراز قبل اپنی معیاد پوری کر چکی ہیں ان رہائش گاہوں میں رہنے والے ملازمین کی تنخواہوں سے کرایوں کے ساتھ رہائش گاہوں کی مرمت کی مد میں5فیصدکٹوتی کی جارہی ہے جس کا مقصد اس رقم سے سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر ومرمت ہے لیکن عرصہ دراز سے اکثریتی رہائش گاہوں پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے متعدد عمارتیں خطرناک ہوچکی ہے ۔