سٹے آرڈر کے باوجود جائیداد کی حیثیت اور حالت کی تبدیلی
میانوالی (نامہ نگار ) واں بھچراں کے چک نمبر 24 ڈی بی میں وراثتی جائیداد کے تنازعے میں معزز سول عدالت کے سٹے آرڈرز کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی مداخلت اور جائیداد کی حیثیت و حالت تبدیل کرنے کی کوششوں کا معاملہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق واں بھچراں اور چک نمبر 24 ڈی بی کے محروم شرعی وارثان اور جائز حقداران، عصمت اللہ خان اور نصرت اللہ خان (پسران سلطان سکندر خان، سکنائے واں بھچراں) نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ان کی وراثتی جائیداد سے متعلق دعویٰ استقرارِ حق بعنوان نصرت اللہ خان بنام صوبہ پنجاب وغیرہ معزز عدالت جناب میڈم افشاں سدرہ ، سول جج میانوالی میں زیرِ سماعت ہے جہاں اس وقت سٹے آرڈرز نافذ العمل ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹے آرڈرز کے ہوتے ہوئے دونوں فریقین قانونی و ضابطہ جاتی طور پر پابند ہیں اور موجودہ صورتحال میں کسی بھی قسم کی بے جا مداخلت یا جائیداد میں تبدیلی قانوناً ممنوع ہے لیکن ان کے بھائی نعمت اللہ خان وغیرہ کی طرف سے سر عام توہین عدالت کی جا رہی ہے ۔