چیئرمین پاسبان یونین کو دھمکیاں ،یونین کا شدید ردعمل
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)چیئرمین پاسبان یونین رجسٹرڈ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد رانا سعید احمد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور غیر اخلاقی گفتگو کے معاملے پر پاسبان یونین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے ، جبکہ خاتون کے خلاف این سی سی آئی میں مقدمہ درج کرانے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔
رانا سعید احمد نے اپنی فیس بک آئی ڈی پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کر رکھی تھی، جس پر ایک خاتون کی جانب سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی اور دھمکی آمیز کمنٹس کیے گئے ۔ واقعے پر پاسبان یونین نے فوری طور پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملوث خاتون کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس حوالے سے پاسبان یونین رجسٹرڈ کے عہدیداران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں واقعے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جو کسی کی کردار کشی، دھمکیوں اور غیر اخلاقی طرزِ عمل میں ملوث ہوں۔یونین عہدیداروں کے مطابق خاتون کے خلاف متعلقہ فورم پر مقدمے کے اندراج کی باقاعدہ درخواست دائر کر دی گئی ہے اور قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔