ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹمومن میں انسولین نایاب، مریض پریشان
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کوٹ مومن میں گزشتہ دو ہفتوں سے انسولین کی عدم دستیابی کے باعث شوگر کے سینکڑوں مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
روزانہ کی بنیاد پر دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض مایوس ہو کر واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ذرائع کے مطابق انسولین کے حصول کے لیے پہلے ہی مریضوں کو طویل اور پیچیدہ طریقہ کار سے گزرنا پڑتا تھا۔ مریض کو علی الصبح ہسپتال پہنچ کر ٹوکن حاصل کرنا، ہر مرتبہ لیبارٹری میں فیس ادا کر کے شوگر ٹیسٹ کروانا اور کمپیوٹر پر مختلف مقامات پر اندراج کے بعد انسولین فراہم کی جاتی تھی۔ اس تمام عمل کے باوجود یومیہ صرف 20 سے 25 مریضوں کو انسولین دی جا رہی تھی، تاہم گزشتہ دو ہفتوں سے یہ سلسلہ مکمل طور پر بند ہے ۔شوگر کے مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انسولین نہ ملنے کی وجہ سے مریضوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، جبکہ نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگے داموں انسولین خریدنا ہر کسی کے بس میں نہیں۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر ملک نے بتایا کہ انسولین کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام کو ریکوزیشن بھجوا دی گئی ہے اور بہت جلد ہسپتال میں انسولین دستیاب ہو جائے گی۔