دریا کا رخ تبدیل،درجنوں دیہات کے ہزار وں افراد پریشان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت اور اعلی انتظامیہ کی کی عدم توجہی کے باعث دریائے چناب میں طالب والا سے لے کر مڈھ رانجھا تک درجنوں دیہات کے ہزاروں افراد دریا کا رخ تبدیل ہونے کے باعث عدم تحفظ کا شکار ہو کرر ہ گئے ہیں ،
ذرائع کے مطابق دریائے چناب کی اس پٹی پر واقع ،موضع طالب والا، گرنا پٹھاناں، تخت ہزارہ ،نیو یکے والا سمیت دیگر درجنوں دیہاتوں کے رہائشی زیادہ تر کسان ہیں اور زراعت کے ذریعے اپنا ذریعہ معاش کماتے ہیں،4ہزار سے زیادہ رہائشی مکانات، فارم ہاؤسز، سرکاری اسکولز اور اسپتال بھی قائم ہیں ،پہلے دریا کا پانی شمال اور جنوب کی طرف بہتا تھا لیکن 2025 کے حالیہ سیلاب کی وجہ سے دریا نے اپنا رخ تبدیل کر کے مشرق سے مغرب کی طرف کی زمین کا کٹاؤ شروع کر دیا ہے جس کے نتیجے میں متذکرہ آبادیوں کو اس وقت شدید خطرات لاحق ہیں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل سال 2021-2022 میں دریا کے لیے حفاظتی پشتوں کی تعمیر میں ناقص منصوبہ بندی اور انجینئرنگ کے باعث حفاظتی پشتے موضع طالب والا کے سامنے کی بجائے سرگودھا/ چنیوٹ کی حدود میں تعمیر کیے گئے اوردریا کا رخ موڑ دیا گیاجس کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ بیش قیمتی زرعی زمین کٹاؤ کا شکار ہو گئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اعلی انتظامیہ اہل علاقہ کی شکایت کا نوٹس تو لیا ہے مگر معاملات انتہائی سست روی کا شکار ہیں جس کی وجہ صورتحال روزبروز گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔