ہندواں سے کیلا جاگیر تک سڑک تعمیر نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)موضع ہندواں سے کیلا جاگیر کو ملانے والی سڑک تعمیر نہ ہونے پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور وزیر اعلٰی پنجاب سے نوٹس لینے اور 40سال سے زیر التواء اس سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ،
یہ سڑک نہ صرف دونوں دیہات کو آپس میں ملاتی ہے بلکہ دیگر علاقوں تک رسائی کیلئے بھی یہ واحد راستہ ہے ،سڑک تعمیر نہ ہونے سے درجنوں دیہات کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ،کیلاجاگیر کے رہائشی سیاسی رہنما اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ قیس عمران شاہ، زین بخاری سوشل میڈیا ولاگر ملک دلمیر کھوکھر ہندواں اور دیگر علاقہ مکینوں نے کہا کہ ہر دورِ حکومت میں اس سڑک کو انتخابی وعدوں میں شامل کیا جاتا ہے مگر اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو بھلا دیا جاتا ہے چالیس سال گزر جانے کے باوجود سڑک کی عدم تعمیر عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے ،
اس حوالہ سے اعلیٰ انتظامیہ اور سیاسی نمائندوں کو متعدد مرتبہ مطالبات پیش کر چکے ہیں مگر افسوس ان مطالبات کو مسلسل نظر اندا ز کیا جا رہا ہے ،علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ مواصلات اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہندواں تا کیلا جاگیر سڑک کی فوری تعمیر کا آغاز کیا جائے بصورتِ دیگر عوامی سطح پر سخت احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔